اسرائیل نواز مسلح گروہ کا حماس کے 2 مزاحمت کاروں کو شہید کرنے کا دعویٰ

قاہرہ (7 جنوری 2026): اسرائیل نواز مسلح گروہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے جنوبی غزہ میں حماس کے 2 مزاحمت کاروں کو شہید کر دیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نواز مسلح گروہ پاپولر فورسز نے اپنے بیان میں کہا کہ اس نے رفح میں ایک چھاپہ مار کارروائی کی، اس دوران ہتھیار ڈالنے سے انکار کرنے پر حماس کے دو مزاحمت کاروں کو شہید اور ایک کو حراست میں لے لیا۔

پاپولر فورسز نے ایک تصویر بھی جاری کی ہے جس کے بارے میں ان کا دعویٰ ہے کہ یہ شہید ہونے والے مزاحمت کاروں میں سے ایک کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حماس کو غیر مسلح ہونے کیلیے 2 ماہ کی مہلت

حماس نے دعوے پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے جبکہ روئٹرز آزادانہ طور پر اس کی تصدیق نہیں کر سکا۔

واضح رہے کہ رفح کا یہ علاقہ اکتوبر میں اسرائیل اور حماس کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت اسرائیلی کنٹرول میں ہے۔ پاپولر فورسز کی بنیاد حماس مخالف مسلح بدو رہنما یاسر ابو شباب نے رکھی تھی اور اسے اسرائیلی کنٹرول والے علاقوں میں سرگرم سب سے بڑا گروہ سمجھا جاتا ہے۔

غزہ کی تقریباً 20 لاکھ آبادی کے تمام تر لوگ اب بھی حماس کے زیرِ اثر علاقوں میں مقیم ہیں جہاں مزاحمتی تنظیم اپنی گرفت دوبارہ مضبوط کر رہی ہے۔

حماس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ جنگ کے دوران بھاری نقصان کے باوجود ان کے پاس اب بھی ہزاروں مسلح مزاحمت کار موجود ہیں۔

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے جون 2025 میں حماس مخالف گروہوں کیلیے حمایت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیل نے مقامی قبائل کو متحرک کر دیا ہے۔

دوسری جانب، پاپولر فورسز اسرائیل سے کسی بھی قسم کی امداد ملنے کی تردید کرتی ہے۔



from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/0EZvrd5
via IFTTT

Post a Comment

Previous Post Next Post