اکشے کمار اور ودیا بالن ایک ساتھ اسکرین پر جلوہ گر ہونے کو تیار

ممبئی (19 دسمبر 2025): بالی وڈ کے دو بڑے نام اکشے کمار اور ودیا بالن فلمساز انیس بزمی کے اگلے پروجیکٹ میں اسکرین پر ایک ساتھ جلوہ گر ہوں گے۔

انڈین میڈیا کے مطابق پچھلے کئی دنوں سے خبریں زیر گردش ہیں کہ اکشے کمار اور ودیا بالن ایک ساتھ فلم میں کام کرنے والے ہیں۔

تاہم اب قیاس آرائیوں کے بعد معلوم ہوا ہے کہ ودیا بالن کو اکشے کمار کی فلم میں مرکزی اداکارہ کے طور پر شامل کر لیا گیا ہے۔ یہ فلم اکشے کمار اور انیس بزمی کے درمیان 14 سال بعد ہونے والا پہلا اشتراک ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: ودیا بالن بھی ڈیپ فیک ویڈیو کا نشانہ بن گئیں

ذرائع کے مطابق فلم کی ابتدائی بات چیت کے دوران ہی ودیا بالن کا نام سامنے آیا تھا جسے ٹیم نے متفقہ طور پر خوش آئند قرار دیا۔

میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ اکشے کمار اور ودیا بالن کی آن اسکرین کیمسٹری بہترین ہے جسے شائقین نے فلم ہیبی بے بی، بھول بھلیاں اور مشن منگل جیسی فلموں میں بے حد پسند کیا، اسکرین سے ہٹ کر بھی ان کے درمیان بہترین تعلقات ہیں۔

بتایا جا رہا ہے کہ انیس بزمی کی فلم میں دو خواتین اہم کردار میں ہوں گے جن میں سے ایک ودیا بالن ہیں جبکہ دوسری اداکارہ اور فلم کی کہانی کو فی الحال خفیہ رکھا گیا ہے۔

اندرونی ذرائع کے مطابق فلم کا اسکرپٹ مزاح، جذبات اور مضبوط کرداروں کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے اور یہ وہ شعبے ہیں جن میں انیس بزمی اور اکشے کمار دونوں کو مہارت حاصل ہے۔

دوسری جانب، اکشے کمار کے پاس پروجیکٹس کی بھرمار ہے، وہ اس وقت ویلکم ٹو دی جنگل، حیوان اور بھوت بنگلہ جیسی کئی فلموں کی تیاری میں مصروف ہیں۔



from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/zEQx10W
via IFTTT

Post a Comment

Previous Post Next Post