لاہور : گلاب دیوی اسپتال میں لیڈی ڈاکٹر اور مریض کے تیمارداروں کے درمیان جھڑپ سنگین صورتحال اختیار کرگئی بات دو خواتین کی گرفتاری تک جا پہنچی۔
گلاب دیوی ٹیچنگ اسپتال کے امیرالدین وارڈ میں گزشتہ رات لیڈی ڈاکٹر اور مریض کے لواحقین کے درمیان تلخ کلامی کے بعد جھگڑے اور ہاتھا پائی کا واقعہ پیش آیا، جس کی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے۔ واقعے کے چند گھنٹے بعد مریض ذوالفقار علی انتقال کرگیا۔
واقعے کی سامنے آنے والی فوٹیج میں مریض کے لواحقین کو اسپتال کے عملے کے ساتھ ہاتھا پائی کرتے دیکھا جاسکتا ہے، جبکہ مریض کے ہمراہ موجود بعض خواتین بھی مبینہ طور پر مار پیٹ میں ملوث نظر آتی ہیں۔
مریض ذوالفقار علی لاہور کے علاقے جیا موسیٰ کا رہائشی تھا اور پھیپھڑوں کی شدید بیماری کے باعث تقریباً ایک ہفتہ قبل گلاب دیوی اسپتال میں داخل ہوا تھا۔ لواحقین کے مطابق مریض کی حالت تشویشناک ہونے پر اسے انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں منتقل کرنے اور وینٹی لیٹر کی سہولت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا جارہا تھا۔
پولیس اور اسپتال انتظامیہ کے مطابق لیڈی ڈاکٹر نے علاج کے عمل میں خلل سے بچنے کے لیے مریض کی خواتین لواحقین کو وارڈ سے باہر جانے کی ہدایت کی، تاہم ایک خاتون کی جانب سے موبائل فون پر ویڈیو بنائے جانے کے دوران صورتحال کشیدہ ہوگئی۔
پولیس کے مطابق اسی دوران 3 خواتین نے مبینہ طور پر لیڈی ڈاکٹر کو تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے بعد اسپتال کے عملے اور مریض کے لواحقین کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی۔
دوسری جانب مریض کے لواحقین نے الزام عائد کیا ہے کہ پیرامیڈیکل اسٹاف نے ان سے رشوت طلب کی اور جھگڑے کے بعد مریض کے علاج میں رکاوٹ ڈالی گئی، جس کے باعث اس کی حالت مزید بگڑ گئی اور وہ جانبر نہ ہوسکا۔
تاہم اسپتال انتظامیہ اور ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے علاج میں رکاوٹ ڈالنے کے الزام کو مسترد کردیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مریض کا علاج جان بوجھ کر نہیں روکا گیا اور اسے طبی سہولیات فراہم کی جاتی رہیں۔
گلاب دیوی اسپتال کے ترجمان کے مطابق مریض کو علاج معالجے کی تمام ضروری سہولیات فراہم کی گئیں، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔ ترجمان نے لواحقین کی جانب سے علاج روکنے کے الزام کو بھی مسترد کیا۔
واقعے کے بعد نصیر آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 خواتین کو حراست میں لے لیا اور ان کے خلاف دفعہ 107 اور 151 کے تحت انسدادی کارروائی کی گئی۔ پولیس کے مطابق دونوں خواتین کو عدالت میں پیش کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب مریض کے لواحقین نے لیڈی ڈاکٹر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے پولیس کو درخواست بھی دے دی ہے۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/T0NcpLY
via IFTTT
Post a Comment