لاڑکانہ کے بنیادی مسائل کیا ہیں؟ شہریوں نے شکایات کے انبار لگا دیے

لاڑکانہ : ملک کے دیگر شہروں کی طرح بانی پیپلز پارٹی ذوالفقار علی بھٹو کے شہر لاڑکانہ کے عوام کو بھی بنیادی سہولیات کی قلت، امن و امان کی ابتر صورتحال اور انتظامی نااہلی جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے۔

اس شہر سے متعلق ایک محاورہ مشہور ہے کہ اگر جیب میں پیسہ ہے تو لاڑکانہ کی سیر کو آئیں، لاڑکانہ کے اہم مسائل میں پینے کے صاف پانی کی کمی، صفائی کا فقدان اور نکاسی آب کی تباہی اور دیگر شامل ہیں جس کا سدباب ضروری ہے۔

اس صورتحال کے پیش نظر، کیا لاڑکانہ کے عوام نیا صوبہ، انتظامی یونٹ یا بااختیار مقامی حکومت کا نفاذ چاہتے ہیں؟ نمائندہ اے آر وائی نیوز نے یہاں کے عوام سے براہ راست گفتگو کی اور ان کی رائے جاننے کی کوشش کی۔

ایک شہری نے کہا کہ سسٹم کبھی بھی سو فیصد پرفیکٹ نہیں ہوتا، لیکن نظام میں کچھ خامیاں ضرور ہیں جنہیں درست طریقے سے دور کرنے کی ضرورت ہے، تب ہی مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ جہاں تک انتظامی یونٹس یا نئے صوبوں کے بنانے کا تعلق ہے تو وہ محض ایک خواہش مندانہ سوچ ہے۔

کیا لاڑکانہ میں موجودہ حکومت نے تمام مسائل حل کر دیے ہیں؟ کے جواب میں ایک مقامی تاجر کا کہنا تھا کہ لاڑکانہ میں ترقیاتی کاموں کی بہت کمی ہے، لوٹ مار عروج پر ہے آئے دن ڈاکو آتے ہیں اور لوگوں کو لوٹ کر چلے جاتے ہیں۔

نئے صوبوں سے متعلق ایک سوال کے جواب میں تاجر کا کہنا تھا کہ سندھ میں کوئی بھی نئے صوبے کی حمایت نہیں کرے گا، یہ سندھ ہمارا وطن ہے۔

ایک سوال کے جواب میں لاڑکانہ کے ایک بزرگ شہری نے کہا کہ میں ایک سندھی ہوں اور میں حلفیہ کہتا ہوں کہ صرف سندھ ہی نہیں، پاکستان مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے، سب سیاستدانوں نے مل کر اسے تباہ کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہتر یہی ہوگا کہ آئندہ الیکشن میں کوئی اچھا اور مخلص سیاستدان آئے اور وہ اس کی ترقی کیلیے کام کرے۔ جہاں تک صوبوں کی بات ہے سندھ کا کوئی بھی شخص کبھی دو تین صوبے نہیں چاہے گا، یہ لوگ ایک صوبہ نہیں چلا سکتے تو دس کیسے چلائیں گے؟۔

ایک دکاندار کا کہنا تھا کہ لاڑکانہ ایک چھوٹا سا شہر ہے، پیپلز پارٹی یہاں 18 سال سے برسراقتدار ہے، یہاں کے لوگوں کو ہر سہولت سے محروم رکھا گیا، نہ کار پارکنگ ہے، نہ پانی، نہ بجلی، نہ گیس نہ اسکول اور نہ ہی اچھے اسپتال بنائے گئے۔

FOLLOW US ON ARY TUBE

نئے صوبوں سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ پہلے ان چاروں صوبوں کو تو ٹھیک سے چلالیں، پھر آپ باقی کا انتظام بہتر کرسکتے ہیں، یہ لوگ ٹھنڈے کمروں میں بیٹھ کر باتیں کرتے ہیں جب تک نچلی سطح پر آکر حقیقت کا سامنا نہیں کریں گے انہیں کچھ سمجھ نہیں آئے گا۔

لاڑکانہ میں پولیس اہلکار کے ہاتھوں سرعام شہری کا قتل! ایس ایس پی کا بڑا دعویٰ



from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/dIufE7r
via IFTTT

Post a Comment

Previous Post Next Post