بپاشا باسو کی 6 سال بعد اسکرین پر واپسی

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ بپاشا باسو 6 سال بعد اسکرین پر اسٹریمنگ سیریز سے واپسی کررہی ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکارہ بپاشا باسو نے ہدایت کار ہنسل مہتا کی نئی اسٹریمنگ سیریز کی شوٹنگ شروع کردی ہے۔

یہ سیریز پرائم ویڈیو پر ریلیز کی جائے گی تاہم اس کے نام، بپاشا کے کردار اور ریلیز کی تاریخ سے متعلق تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

اس منصوبے میں سنی کوشل اور وشال جیٹھوا بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

سیریز کی کہانی کشیپ کپور اور راگھو راج ککر نے لکھی ہے، جبکہ پروڈکشن کی ذمے داری پربھلین سندھو نے اپنے ادارے ’الماٹی موشن پکچرز‘ کے تحت سنبھالی ہے۔

یہ پڑھیں: بپاشا باسو بھی اپنی بیٹی کو منظر عام پر لے آئیں

یہ کرائم ڈراما ایک ایسے بظاہر غیر نمایاں قصبے کے پس منظر میں ترتیب دیا گیا ہے جس کے بارے میں خدشہ ہے کہ وہ براعظم میں ہیروئن کی تجارت کا بڑا مرکز بن سکتا ہے۔

سنی کوشل ایک ایسے پولیس افسر کا کردار ادا کر رہے ہیں جو بدعنوانی سے پاک رہنے کے عزم کے ساتھ طاقتور عناصر کا مقابلہ کرتا ہے۔ اسے اپنے اصولوں پر قائم رہنے کے ساتھ ایسے حالات سے بھی گزرنا پڑتا ہے جو اس کی انسانیت اور اخلاقی اقدار کا امتحان لیتے ہیں۔

سیریز کے تخلیق کاروں نے بپاشا باسو اور وشال جیٹھوا کے کرداروں یا کہانی میں ان کی اہمیت کے بارے میں ابھی مزید معلومات فراہم نہیں کیں۔

بپاشا باسو نے اداکار کرن سنگھ گروور سے اپریل 2016 میں شادی کے بعد فلموں میں کم ہی دکھائی دیں اور خاندانی زندگی کو ترجیح دی۔ اس جوڑے کے ہاں نومبر 2022 میں بیٹی دیوی کی پیدائش ہوئی۔

بپاشا اور کرن سنگھ گروور 2020 میں ریلیز ہونے والی کرائم تھرلر ویب سیریز ’ڈینجرس‘ میں ایک ساتھ دکھائی دیے تھے۔ بپاشا کی آخری مکمل تھیٹر ریلیز فلم ’ایلون‘ تھی، جسے بھوشن پٹیل نے ہدایت دی تھی اور یہ جنوری 2015 میں سینما گھروں میں پیش کی گئی۔



from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/Coqp2M5
via IFTTT

Post a Comment

Previous Post Next Post