جی ٹی اے 6 کے شائقین کیلیے خوشخبری

راک اسٹار گیمز کے شائقین کی انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو ہیں، جی ٹی اے 6 کی دنیا کے دروازے بہت جلد کھلنے والے ہیں، تاریخ کا اعلان ہوگیا۔

جیسن اور لوشیا کی خطرناک داستان، نئی وائس سٹی، مہنگے ایڈیشنز اور ممکنہ نئے ٹریلر کے ساتھ راک اسٹار نے بڑا اعلان کردیا۔

راک اسٹار گیمز نے پی ایس 5 اور ایکس باکس سیریز ایکس /ایس پر جی ٹی اے 6 کے پری آرڈرز کھول دیے ہیں۔ جہاں اسٹینڈرڈ ایڈیشن 80 ڈالر اور الٹیمیٹ ایڈیشن 100 ڈالر میں دستیاب ہے۔

راک اسٹار گیمز نے اعلان کیا ہے کہ گرینڈ تھیفٹ آٹو 6 کی پری آرڈر بکنگ 25 جون 2026 سے دنیا بھر میں شروع ہوگئی ہے اور اس اعلان کے ساتھ ہی مداحوں کے دلوں کی دھڑکنیں بھی تیز ہوگئیں۔

یہ کہانی صرف ایک گیم کی نہیں، بلکہ ایک ایسے سفر کی ہے جو دو مرتبہ تاخیر کا شکار ہونے کے بعد اپنی منزل کے قریب پہنچ چکا ہے۔

راک اسٹار کے مطابق جی ٹی اے 6 اب 19 نومبر 2026 کو پلے اسٹیشن 5 اور ایکس باکس سیریز ایکس ایس کے لیے ریلیز ہوگی، جبکہ کمپنی کا کہنا ہے کہ فی الحال مزید کسی تاخیر کے آثار دکھائی نہیں دیتے۔

اس بار داستان کے مرکزی کردار جرائم کی دنیا سے وابستہ جیسن ڈووال اور لوشیا کامینوس ہیں، ان کا سفر انہیں لیونائیڈا نامی ریاست میں لے جاتا ہے جو ایک وسیع و عریض دنیا ہے، جہاں نئی شکل میں لوٹنے والی مشہور وائس سٹی، چمکتی روشنیاں، تیز رفتار گاڑیاں اور خطرات سے بھرپور سڑکیں ہر موڑ پر نئی کہانیاں سناتی ہیں۔

اس کے علاوہ گیم کی قیمت بھی کم دلچسپی کا باعث نہیں، اسٹینڈرڈ ایڈیشن 79.99 ڈالر جبکہ الٹیمیٹ ایڈیشن 99.99 ڈالر میں دستیاب ہوگا۔ الٹیمیٹ ایڈیشن خریدنے والے کھلاڑیوں کو خصوصی گاڑیاں، منفرد ہتھیار، مخصوص دکانوں تک رسائی، نئے ملبوسات، ہیئر اسٹائلز اور کلاسک کاروں کا مجموعہ بھی ملے گا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ فزیکل کاپی خریدنے والے شائقین کو ڈسک نہیں بلکہ صرف ڈاؤن لوڈ کوڈ فراہم کیا جائے گا، جو گیمنگ انڈسٹری کے بدلتے رجحانات کی عکاسی کرتا ہے۔

پری آرڈر کرنے والے تمام کھلاڑیوں کو "ونٹیج وائس سٹی پیک” تحفے میں دیا جائے گا، جس میں کلاسک گاڑی، خصوصی ہتھیاروں کی اسکنز، پرانے طرز کے ملبوسات اور ہیئر اسٹائلز شامل ہوں گے، پلے اسٹیشن اسٹور سے ڈیجیٹل پری آرڈر کرنے والوں کو ایک ماہ کی مفت جی ٹی اے پلس رکنیت بھی ملے گی۔

اس خبر کے بعد دنیا بھر کے لاکھوں گیمرز کی نظریں کیلنڈر پر جمی ہوئی ہیں کیونکہ نومبر کی ایک رات صرف ایک گیم کی ریلیز نہیں بلکہ گیمنگ کی تاریخ کے ایک نئے باب کا آغاز بننے جا رہی ہے۔



from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/POtRvrY
via IFTTT

Post a Comment

Previous Post Next Post