شہزادہ جارج نے والد ولیم کے نقشِ قدم پر چلنے کا فیصلہ کرلیا

لندن : برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ کی طویل مشاورت کے بعد برطانیہ کے مستقبل کے بادشاہ شہزادہ جارج کے لیے معروف تعلیمی ادارے کا انتخاب کرلیا گیا۔

برطانوی شاہی خاندان نے تصدیق کی ہے کہ شہزادہ جارج رواں سال ستمبر سے برطانیہ کے ممتاز تعلیمی ادارے ایٹن کالج میں اپنی ثانوی تعلیم کا آغاز کریں گے، جس کے ساتھ ہی ان کی تعلیمی زندگی کے اگلے مرحلے سے متعلق کئی برسوں سے جاری قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہوگیا ہے۔

شاہی محل کینسنگٹن پیلس کے جاری اعلامیے کے مطابق شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ نے طویل غور و خوض اور مختلف تعلیمی اداروں کا جائزہ لینے کے بعد ایٹن کالج کا انتخاب کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے قبل دونوں نے مارلبرو کالج سمیت دیگر اداروں کا بھی معائنہ کیا اور شریکِ تعلیم نظام والے اسکولوں پر بھی غور کیا گیا۔

خاندانی ذرائع کے مطابق 12 سالہ شہزادہ جارج شروع ہی سے اپنے والد کے نقشِ قدم پر چلنے کے خواہش مند تھے۔ شہزادہ ولیم خود 1995 سے 2000 تک ایٹن کالج میں زیرِ تعلیم رہے تھے اور انہوں نے وہاں گزارے گئے وقت کو اپنی زندگی کا اہم اور مثبت مرحلہ قرار دیا تھا۔

1440میں قائم ہونے والا ایٹن کالج برطانیہ کے قدیم ترین اور باوقار تعلیمی اداروں میں شمار ہوتا ہے۔ یہ ادارہ متعدد وزرائے اعظم، سیاست دانوں اور شاہی شخصیات کو تعلیم دے چکا ہے، ماہرین کے مطابق یہ ادارہ قیادت، نظم و ضبط اور اعلیٰ تعلیمی معیار کے لیے دنیا بھر میں شہرت رکھتا ہے۔

تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایٹن کالج شہزادہ جارج کو مستقبل میں شاہی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے ضروری علمی اور عملی تربیت فراہم کرے گا، اس ادارے کا محلِ وقوع بھی شاہی خاندان کے موجودہ گھر کے قریب ہے، جس کے باعث خاندان کے لیے رابطہ برقرار رکھنا نسبتاً آسان ہوگا۔

شہزادہ جارج جو 22 جولائی کو اپنی 13ویں سالگرہ منائیں گے، ایٹن کالج میں داخلے کے لیے دیگر طلبہ کی طرح معمول کے انتخابی اور درخواست کے مراحل سے گزرے ہیں اور انہیں کوئی خصوصی رعایت نہیں دی گئی۔

اطلاعات کے مطابق موسمِ گرما کی تعطیلات کے دوران ویلز خاندان نورفوک میں وقت گزارے گا، جس کے بعد شہزادہ جارج اپنی نئی تعلیمی زندگی کا آغاز کریں گے۔ وہ اپنے والد شہزادہ ولیم کے بعد ایٹن کالج میں داخل ہونے والے دوسرے مستقبل کے برطانوی بادشاہ ہوں گے۔

 



from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/QAKU7ku
via IFTTT

Post a Comment

Previous Post Next Post