باپ کے قتل کے الزام میں دو سگی بیٹیاں ڈرامائی انداز میں گرفتار

مظفر نگر : بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع مظفر نگر میں دو سگی بیٹیوں نے اپنے باپ کو بے دردی سے قتل کردیا، پولیس نے دونوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

پولیس کے مطابق مورنا علاقے کے رہائشی 55 سالہ رام پرساد کی لاش پیر کی صبح ان کے گھر میں چارپائی پر خون میں لت پت حالت میں ملی، ابتدائی معائنے کے مطابق مقتول کی گردن اور جسم پر تیز دھار آلے سے متعدد وار کیے گئے تھے۔

مقتول کی اہلیہ چندرکلی نے صبح تقریباً سات بجے شوہر کی لاش دیکھی تو شور مچایا، جس پر اہلِ محلہ کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہوگئی، اس وقت گھر میں بیوی کے علاوہ دو بیٹے، امیت اور سمیت، اور دو بیٹیاں بھی موجود تھیں۔

daughter killed father

اطلاع ملنے پر پولیس اور فرانزک ٹیم موقع پر پہنچ گئی، شواہد اکٹھے کیے گئے اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا، دورانِ تفتیش اہلِ خانہ کے بیانات میں تضاد پایا گیا جس کے بعد سب سے علیحدہ علیحدہ پوچھ گچھ کی گئی۔

پولیس کے مطابق غیر شادی شدہ بڑی بیٹی 32سالہ کومل اور اس کی 16 سالہ چھوٹی بہن دورانِ تفتیش بار بار اپنے بیانات تبدیل کرتی رہیں، سخت پوچھ گچھ کے بعد دونوں نے مبینہ طور پر جرم کا اعتراف کر لیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی بیان میں بڑی بیٹی نے بتایا کہ ان کے والد بیٹوں اور بیٹیوں میں امتیاز برتتے تھے اور اسے اس کی عمر اور غیر شادی شدہ ہونے پر طعنے دیتے رہتے تھے۔

ملزمہ کومل نے بتایا کہ اس کے والد روز اسے طعنے دیتے تھے کہ وہ 32 سال کی ہوگئی ہے۔ نہ اس کی شادی ہو رہی ہے اور نہ ہی وہ کوئی نوکری کرتی ہے، چھوٹی بیٹی بھی اسے دیکھ کر پریشان ہو رہی ہے۔

مبینہ طور پر والد کا کہنا تھا کہ بیٹیوں کی وجہ سے علاقے میں بدنامی ہو رہی ہے۔ ملزمہ کے مطابق ان ہی باتوں سے دلبرداشتہ ہو کر چھوٹی بہن نے قتل کا منصوبہ بنایا۔

پولیس کے مطابق واقعے کی رات تقریباً دو بجے دونوں بہنوں نے مبینہ طور پر سوئے ہوئے والد پر درانتی سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے، واردات کے بعد دونوں اپنے کمرے میں جا کر سوگئیں۔ تاہم پولیس کی تفتیش میں شکوک بڑھنے پرحقیقت سامنے آگئی۔



from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/L9FzJcZ
via IFTTT

Post a Comment

Previous Post Next Post