جیمز پاتھ ویز نے برطانیہ کے ایک معروف ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کے تعاون سے پاکستان میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے مساوی ٹیکنیکل و ووکیشنل کورسز متعارف کروا دیے ہیں۔ ان کورسز کو انٹر بورڈز چیئرمینز کوآرڈینیشن کمیشن (IBCC) سے باقاعدہ منظوری بھی حاصل ہو گئی ہے۔
اس حوالے سے منعقدہ تقریب میں وفاقی وزیر وجہہ قمر، برطانوی ادارے کی نمائندہ مینڈی اسمتھ سیکریٹری بورڈ اینڈ یونیورسٹیز عباس بلوچ اور انٹر بورڈز چیئرمینز کوآرڈینیشن کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام علی ملاح سمیت تعلیمی ماہرین، سرکاری افسران اور مختلف تعلیمی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر وجہہ قمر نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکنیکل اور ووکیشنل تعلیم کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کے مطابق ایسے پروگرامز نوجوانوں کو عملی مہارتوں سے آراستہ کر کے نہ صرف روزگار کے بہتر مواقع فراہم کریں گے بلکہ ملک کی معاشی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی معیار کی تعلیم تک رسائی پاکستانی طلبہ کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔
برطانوی ادارے کی نمائندہ مینڈی اسمتھ کا کہنا تھا کہ رائل چارٹرڈ سے منسلک ادارہ پاکستان میں معیاری ٹیکنیکل تعلیم کے فروغ کے لیے جیمز پاتھ ویز کے ساتھ اشتراک پر فخر محسوس کرتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ کورسز عالمی معیار کے مطابق ڈیزائن کیے گئے ہیں، جن سے فارغ التحصیل طلبہ نہ صرف پاکستان بلکہ بیرونِ ملک بھی تعلیمی اور پیشہ ورانہ مواقع حاصل کر سکیں گے۔
اس موقع پر آئی بی سی سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام علی ملاح نے کہا کہ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے مساوی ان ٹیکنیکل و ووکیشنل کورسز کی منظوری ایک اہم سنگِ میل ہے۔
ان کے مطابق اس اقدام سے طلبہ کو روایتی تعلیمی دھارے کے ساتھ ساتھ ہنرمندانہ تعلیم کا متبادل راستہ بھی میسر آئے گا، جو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہے۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ اقدام پاکستان میں ٹیکنیکل اور ووکیشنل تعلیم کے نظام کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا اور نوجوانوں کے لیے نئے تعلیمی و پیشہ ورانہ دروازے کھولے گا۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/rVNdp5o
via IFTTT
Post a Comment