اسلام آباد کے شہریوں کیلیے بڑی خوشخبری، یومیہ 1 کروڑ گیلن پانی ملے گا

(4 فروری 2026): اسلام آباد کے شہریوں کیلیے پانی کا بحران ختم ہونے کی امید پیدا ہوگئی ہے کیونکہ شاہدرہ ڈیم سے انہیں یومیہ 1 کروڑ گیلن پانی ملے گا۔

چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت شاہدرہ ڈیم منصوبے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں سی ڈی اے بورڈ کے ممبر ایڈمن طلعت محمود، ممبر پلاننگ و ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ، ڈائریکٹر جنرل اسلام آباد واٹر، ڈپٹی کمشنر سی ڈی اے اور اسلام آباد واٹر کے سنئیر افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ افسران نے چیئرمین سی ڈی اے کو واٹر مینجمنٹ منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ واپڈا نے شاہدرہ ڈیم منصوبے کی فیزیبلٹی اسٹڈی کا عمل مکمل کر لیا ہے اور اس منصوبے کی مکمل فیزیبلٹی رپورٹ سی ڈی اے کے ساتھ شئیر کر دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں انٹرنیشنل معیار کا فٹبال اسٹیڈیم بنانے کی منظوری

بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ فیزیبلٹی رپورٹ میں ڈیم کیلیے اراضی کا حصول، پانی کی ترسیل اور واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ سمیت دیگر ابتدائی تخمینے تیار کر لیے گئے ہیں۔

مزید بتایا گیا کہ شاہدرہ ڈیم میں 25 ایکٹر رقبے پر پانی کو ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہوگی، اسی طرح یہ منصوبہ اسلام آباد کے شہریوں کو یومیہ 10 ملین گیلن پانی فراہم کرنے کی صلاحیت رکھے گا، منصوبے کی فیزیبلٹی رپورٹ کی تکمیل کے ساتھ ہی تفصیلی ڈیزائن پر کام کا آغاز کیا جائے گا، اس منصوبے کا پی سی-ون تیاری کے بعد منظوری کیلیے جلد پیش کیا جائے گا۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت دی کہ ڈیم کی اراضی کے حصول سے قبل سپارکو سے باقاعدہ سروے کروایا جائے، اراضی کے حصول سے متعلق تمام معاملات کو شفافیت اور قانونی تقاضوں کے مطابق حل کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کی فیزیبلٹی رپورٹ اور تفصیلی ڈیزائن کو منظوری کیلیے جڑواں شہروں کے پانی کے مسائل حل کرنے کیلیے قائم کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے۔

علاوہ ازیں، اجلاس میں دوتارہ ڈیم منصوبے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ دوتارہ ڈیم منصوبے کی فیزیبلٹی رپورٹ پر کام جاری ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ یہ منصوبے وفاقی دارالحکومت میں پانی کی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے، اسلام آباد میں بلا تعطل پانی کی فراہمی کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔



from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/TqMGsAz
via IFTTT

Post a Comment

Previous Post Next Post