کراچی (23 دسمبر 2025): شہر قائد میں ہیوی گاڑیوں کی نقل و حرکت پر مزید دو ماہ کے لیے پابندی عائد کر دی گئی، نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق کمشنر کراچی کی ہدایت پر پابندی 22 دسمبر سے 22 فروری 2026 تک نافذ رہے گی، فیصلہ شہر میں ٹریفک کی روانی اور عوامی تحفظ کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں دن کے اوقات میں ہیوی ٹریفک پر پابندی میں 2 ماہ کی توسیع کردی گئی۔
کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے دفعہ 144 کے تحت نوٹیفکیشن جاری کردیا، کراچی میں صبح 6 سے رات 10 بجے تک ڈمپرز اور بھاری گاڑیوں کا داخلہ ممنوع قرار دیا گیا ہے۔
پانی، تیل، آکسیجن، طبی سامان اور دیگر ضروری اشیا والی گاڑیاں اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی، جناح ایونیو پر سپرہائی وے سے ماڑی پور تک بھاری ٹریفک کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ٹریکنگ سسٹم سے لیس ڈمپرز کو صنعتی علاقوں میں رعایت دی گئی ہے، جبکہ قانون کی خلاف ورزی پر پولیس کو مقدمہ درج کرنے کا مکمل اختیار حاصل ہوگا۔
کمشنر کراچی کے حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ پابندی آج سے 22 فروری تک نافذ رہے گی، مذکورہ پابندی ٹریفک کی روانی کے شدید مسائل اور حادثات کی روک تھام کیلئے لگائی گئی ہے۔
مزید پڑھیں : کراچی میں رکشوں پر پابندی عائد
یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ روز پاکستان کے معاشی و کاروباری حب کراچی میں رکشوں پر پابندی میں مزید 2 ماہ کی توسیع کر دی گئی تھی۔
کراچی کی 25 اہم سڑکوں پر مزید 2 ماہ کیلئے رکشوں کا داخلہ ممنوع قرار دیتے ہوئے دفعہ 144کے تحت موٹر کیب رکشوں پر 2 ماہ کی پابندی لگا دی گئی۔
کمشنر کراچی نے ٹریفک پولیس کی سفارش پر پابندی عائد کی ہے جس کا اطلاق 22 دسمبر سے 21فروری 2026 تک ہوگا۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/7WC0XR5
via IFTTT
Post a Comment