کراچی : مکان پر قبضے کی مبینہ کوشش ناکام

کراچی : گلشن اقبال میں مکان پر قبضے کی مبینہ کوشش ناکام کردی گئی، عدالت نے معاملے پر حکم امتناع دے دیا۔

پولیس وکلاء بیلف نے مبینہ طور پر مل کر40 سال سے آباد شہری کو اس کے گھر سے بے دخل کرنے کی کوشش کی جسے اہل محلہ نے مل کر ناکام بنا دیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال 13 ڈی ون میں مکان پر قبضے کی کوشش عدالتی حکم امتناع کے بعد ناکام ہوگئی۔

مکان کے مالک محمد طاہر گزشتہ 40 سال سے اپنے گھر میں رہائش پذیر ہیں، تاہم گزشتہ روز ایک عجیب واقعہ ہوا کہ گھر پر کچھ نامعلوم افراد آئے اور ایک کاغذ کا ٹکڑا تھمادیا۔

مذکورہ افراد نے یہ کاغذ تھماتے ہوئے کہا کہ یہ عدالت کا حکم ہے کہ اس مکان کو فوری خالی کردیا جائے، اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے محمد طاہر نے بتایا کہ وکلاء کے لباس میں مسلح افراد تھے جن کی تعداد بھی کافی زیادہ تھی ان لوگوں نے مجھے دھمکیاں دیں اور فائرنگ بھی کی۔

انہوں نے بتایا کہ ہم نے جب عدالت سے رجوع کیا تو ہمیں حکم امتناع مل گیا ہے، اب اس معاملے کی سماعت مقررہ تاریخ پر ہوگی۔

دوسری جانب امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے فائرنگ کرنے اور دہشت پھیلانے والوں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ زمینوں اور گھروں پر قبضے میں پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت ملوث ہے۔

انکا کہنا تھا کہ گلشن اقبال میں ایک شہری کے گھر پر ناجائز قبضے کی کوشش کی گئی، واقعے میں ملوث پولیس اوروکلا کوبھی بےنقاب کیا جائے، ہم نے اس سلسلے میں ایک ایکشن کمیٹی تشکیل دی ہے، اب کہیں پر بھی قبضے کی شکایت ہو تو شہری ہمیں آگاہ کریں۔



from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/lDecXoh
via IFTTT

Post a Comment

Previous Post Next Post