کراچی : انسداد پولیو مہم کا آغاز کب سے ؟ تاریخ کا اعلان ہوگیا

قومی پولیو مہم آج سے ملک بھر کے 159 اضلاع میں شروع ہوگی، اس حوالے سے کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ قومی پولیو مہم 13 سے 19 اکتوبر تک جاری رہے گی۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این سی اے سی) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قومی پولیو مہم 13 سے 19 اکتوبر تک ملک بھر میں جاری رہے گی، ہفتہ وار پولیو مہم کے دوران 4 کروڑ 54 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے بتایا کہ 5سال تک کے27لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، کراچی انتظامیہ، ایمرجنسی آپریشن سینٹر اور محکمہ صحت کے افسران متحرک ہیں۔

اس حوالے سے کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیرصدارت اجلاس میں انتظامات کا جائزہ لیا گیا جس میں ڈپٹی و اسسٹنٹ کمشنرز نے بریفنگ میں بتایا کہ اس سلسلے میں تمام انتظامات مکمل ہیں۔

ہر بچے کی ویکسی نیشن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، انکاری بچوں کی ویکسی نیشن پر خصوصی توجہ دی جائے، پولیو عملہ اور افسران قومی خدمت کے جذبے سے کام کریں۔

سید حسن نقوی نے بتایا کہ مہم کے دوران شہر کراچی میں مثبت ماحولیاتی نمونوں والے علاقوں پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔

اس کے علاوہ بچوں کو ویکسین پلانے سے انکار کرنے والے والدین کی نشاندہی مکمل کرلی گئی ہے، اسسٹنٹ کمشنرز معززین و خواتین پولیو رضاکاروں کے ہمراہ ان والدین سے خصوصی ملاقات کریں گے۔

کمشنر کراچی نے ڈپٹی و اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات دیں کہ وہ اپنے اپنے سب ڈویژنز میں انکار کرنے والے اوررہ جانے والے بچوں کو ویکسین پلانے کی ذمہ داری پوری کریں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مچھرکالونی، چکورا نالہ، راشد منہاس روڈ، سہراب گوٹھ، خاموش گوٹھ اور دیگر علاقوں میں پولیو نمونے مثبت آئے ہیں،

اس کے علاوہ اورنگی نالہ، بختاور گوٹھ، کورنگی نالہ، حاجی مراد گوٹھ، ہجرت کالونی اور منظورکالونی کے ٹیسٹ کیے گئے نمونے مثبت آئے ہیں۔



from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/0N6e9D8
via IFTTT

Post a Comment

Previous Post Next Post