وسیم عباس کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی

(20 اکتوبر 2026): ملتان میں قتل ہونے والے 15 سالہ یتیم لڑکے وسیم عباس کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی جس میں اس کے سر پر شدید چوٹ آنے کی تصدیق ہوئی ہے۔

وسیم عباس کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کمر کی ہڈی میں فریکچر کی بھی نشاندہی کی گئی جبکہ مقتول کے بازوؤں اور جسم پر چوٹوں اور رگڑ کے نشانات بھی پائے گئے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ وسیم عباس کی موت سر پر شدید چوٹ لگنے اور دماغ کو نقصان پہنچنے کے باعث ہوئی، متقول کے سر اور چہرے کا بایاں حصہ شدید متاثر ہوا، 15 سالہ لڑکے کے اوپری جبڑے اور ناک کی ہڈیاں بھی ٹوٹی ہوئی پائی گئیں، اس کے دائیں گھٹنے پر بھی خراش کا نشان موجود تھا۔

یہ بھی پڑھیں: وسیم عباس سے متعلق مزید معلومات سامنے آ گئیں

وسیم عباس کو گزشتہ روز ملتان میں کار سوار ملزم توقیر نے تعاقب کر کے کچل دیا تھا۔ ملزم توقیر نے پولیس کو دیے گئے ابتدائی بیان میں بتایا کہ وسیم عباس میرے پاس الیکٹریشن کا کام سیکھ رہا تھا جو اکثر کام سے بھاگ جاتا تھا، میں نے اسے پکڑنے کی کوشش کی تھی، گاڑی پیچھے بھگا کر صرف اس کو روکنا چاہتا تھا۔

وسیم عباس کیساتھ بدسلوکی ہوئی تو وہ بھاگ نکلا

وزیر اطلاعات و نشریات پنجاب عظمیٰ بخاری نے انکشاف کیا ہے کہ 19 اکتوبر کو کام کی جگہ پر وسیم عباس کے ساتھ بدسلوکی ہوئی تو وہ بھاگ نکلا۔

عظمیٰ بخاری نے ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ملتان میں یتیم بچے وسیم عباس کو قتل کرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا جو ہر حساس دل کو جھنجھوڑ دیتا ہے، خواتین اور بچے وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ریڈلائن ہیں، پنجاب میں ایسے جرائم کو قطعاً برداشت نہیں کیا جائے گا۔

صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز خود اس معاملے کو دیکھ رہی ہیں، وسیم عباس مظفر گڑھ کا رہائشی تھا والد بچپن میں ہی انتقال کر گئے تھے، اس کی والدہ نے جعفر نامی شخص سے دوسری شادی کی، مقتول کے تین بہن بھائی ہیں سب کو یتیم خانہ میں داخل کروایا گیا تھا، بہن 6 ماہ پہلے ڈسچارج ہو کر ماں کے پاس گئی جبکہ دوسرا بھائی اب بھی یتیم خانے میں ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایک ہفتہ قبل وسیم عباس کو ٹھیکیدار توقیر کے حوالے کیا گیا تاکہ الیکٹریکل کام سکھایا جائے، 19 اکتوبر کو کام کی جگہ پر اس کے ساتھ بدسلوکی ہوئی تو وہ بھاگ نکلا۔

ان کا کہنا تھا کہ کیس کے دوسرے ملزم امجد کے ٹھکانوں پر فیصل آباد میں پولیس چھاپے مار رہی ہے، پراسیکیوشن پولیس کے ساتھ مل کر مضبوط کیس تیار کر رہی ہے، ملزم توقیر اور اس کا ساتھی امجد کار میں اس کا پیچھا کرتے ہوئے تقریباً ایک کلومیٹر تک گئے، ملزمان نے وسیم عباس کو دیکھتے ہی گاڑی کے نیچے کچل کر ہلاک کر دیا۔



from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/e4Tmqvl
via IFTTT

Post a Comment

Previous Post Next Post