(27 جون 2026): بولی وڈ سُپر اسٹار سیف علی خان نے گزشتہ سال جنوری میں فیملی پر ہونے والے چاقو حملے کی نئی تفصیلات بتا دیں۔
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق سیف علی خان کی رہائش گاہ پر پیش آئے اس واقعے نے خاندان کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا تھا۔ اداکار نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران واقعے کی نئی تفصیلات شیئر کی ہیں۔
سیف علی خان نے بتایا کہ حملہ آور نے باتھ روم کی کھڑکی کے ذریعے گھر میں داخل ہو کر ان کے چھوٹے بیٹے جے کے کمرے تک رسائی حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیں: سیف علی خان 16 ہزار کروڑ مالیت کی زمین کا مقدمہ جیت گئے
’ہم سب نے اس صورتحال کو مختلف انداز میں محسوس کیا۔ یہ ایک پاگل پن تھا۔ وہ حملہ آور باتھ روم کی کھڑکی توڑ کر اندر آیا، ہم آرام کر رہے تھے کہ نینی اندر آئی اور اس نے ہمیں بتایا کہ جے کے کمرے میں کوئی شخص چاقو لیے کھڑا ہے اور پیسے مانگ رہا ہے۔ میں یہ سنتے ہی فوراً بیٹے کے کمرے کی طرف بھاگا۔‘
اداکار نے بتایا کہ میں جے کے کمرے میں گیا تو اس نے بچے کو پکڑ رکھا تھا، اس نے بیٹے کو تھوڑا سا زخمی کیا اور ملازمہ کو بھی ہلکا سا کٹ لگایا تھا، میں نے حملہ آور کا سامنا کیا۔
’میں اس پر جھپٹ پڑا، اور ہمارے درمیان ہاتھا پائی ہوئی۔ وہ چاقو کے ساتھ پاگل ہوگیا تھا، اور ہر طرف زخموں کے نشانات اور خون ہی خون تھا۔ بالکل اسی وقت، میری ملازمہ اندر آئی اور اس نے اسے کمرے کے دوسری طرف پٹخ دیا۔‘
سیف علی خان نے اس لمحے کو بھی یاد کیا جب اسپتال منتقل کیے جانے کا انتظار کرتے ہوئے انہیں اپنی جان جانے کا خوف لاحق ہوگیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ میں خون سے لت پت سفید کرتا پاجامہ پہنے ہوئے تھا، اور ایک وقت ایسا آیا جب میں فرش پر لیٹا ہوا یہ سوچ رہا تھا کہ شاید میں مر جاؤں گا۔
بولی وڈ سُپر اسٹار کے مطابق میں نے بڑے بیٹے تیمور سے پوچھا کہ کیا وہ میرے ساتھ اسپتال چلے گا، تو اس نے مجھ سے پوچھا کہ کیا آپ مرنے والے ہیں؟ میں نے اسے کہا نہیں، پھر ہم اکٹھے اسپتال گئے۔
انٹرویو میں سیف علی خان حملہ آور کو معاف کرنے کے بارے میں بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ میں اس شخص کو معاف بھی کرنا چاہتا تھا کیونکہ میرے خیال میں اس نے بہت بڑی غلطی کی تھی، مجھے اسے معاف کرنے میں خوشی ہوتی، لیکن وہ حصہ جہاں اس نے مجھے جان سے مارنے کی کوشش کی، اسے بھلانا میرے لیے مشکل ہو رہا ہے۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/pVWkvcE
via IFTTT
Post a Comment