کراچی (26 جون 2026): ملک بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت واحترام سے منایا جا رہا ہے شہر شہر تعزیے اور علم کے جلوس نکالے جا رہے ہیں۔
نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسین ؓ اور ان کے رفقا کار کی اسلام کی سر بلندی کے لیے میدان کربلا کی دی جانے والی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں آج یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
یوم عاشور کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد قرآن خوانی اور ذکر حسین ؓ جب امام بارگاہوں میں صبح اعمال عاشور سے ہوا جب کہ شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے کراچی سمیت ملک بھر میں چھوٹے بڑے شہروں میں شبیہہ ذوالجناح، تعزیے اور علم کے جلوس برآمد اور مجالس بھی منعقد کی جا رہی ہیں۔
کراچی میں نشتر پارک سے برآمد ہونے والا مرکزی جلوس حسینہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر سے برآمد ہوا۔ لاہور میں گامے شاہ، روالپنڈی میں امام بار گاہ عاشق حسین سے مرکزی جلوس برآمد ہو گئے ہیں جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے مقررہ امام بارگاہوں کی جانب گامزن ہیں۔
پشاور میں یوم عاشورہ کا پہلا جلوس امام بارگاہ آغا سید علی رضی شاہ برآمد ہوا، جس کے بعد مزید 12 ماتمی جلوس نکلیں گے۔ تمام جلوس اپنی منزل پر پہنچ کر اختتام پذیر ہو جائیں گے۔
کوئٹہ میں یوم عاشورہ کا جلوس امام بارگاہ حسینی سادات سید آباد علمدار روڈ سے برآمد ہو گیا ہے، جو شام مغربین کے بعد اختتام پذیر ہوگا۔
اس کے علاوہ حیدرآباد، سکھر، ملتان، خانیوال، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر میں بھی جلوس نکالے جا رہے اور مجالس کا انعقاد ہو رہا ہے۔
مجالس اور محافل ذکر میں علمائے کرام اور ذاکرین فلسفہ شہادت اور سانحہ کربلا کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کریں گے۔
اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ملک بھر میں جلوسوں کے روٹ پر غیر ضروری آمدورفت کو رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کر دیا گیا ہے۔
پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات ہے جبکہ حساس علاقوں میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس اور دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے جس کے تحت اسلحے کی نمائش پر پابندی ہے۔
سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر یوم عاشورہ کے دوران موبائل فون سروس کو بعض علاقوں میں جزوی طور پر معطل رکھا گیا ہے۔ عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ملک کے مختلف حصوں میں ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
جلوسوں کے اختتام کے بعد تمام شہروں اور قصبوں میں شام غریباں کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ذاکرین واقعہ کربلا کے بعد پیش آنے والے حالات کو بیان کریں گے۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/bLpWCuh
via IFTTT
Post a Comment