نوادرات اور تاریخی اشیاء جمع کرنے کا شوق ایسا جنون ہے جو پرانی تہذیبوں کو زندہ رکھتا ہے، کچھ ایسا ہی شوق ڈاکٹر نعمان کا بھی ہے جنہیں کرکٹرز کی تاریخی اور نایاب اشیا سے عشق کی حد تک لگاؤ ہے۔
دنیا بھر کے معروف کھلاڑیوں سے منسوب کھیلوں کی نایاب یادگاروں کا ایک منفرد میوزیم منظرِ عام پر آگیا، جس میں کرکٹ سمیت مختلف کھیلوں کی ہزاروں قیمتی اشیاء محفوظ ہیں۔
ڈاکٹر نعمان کے پاس موجود پرانے اور سینئر کرکٹرز کی جانب سے دی گئی دستخط شدہ ذاتی استعمال کی اشیا جیسے بیٹ، پیڈ، ہیلمٹ دستانے اور دیگر شامل ہیں جو انتہائی نفاست کے ساتھ موجود ہیں۔
کرکٹ کے ماہر تجزیہ نگار کی دلچسپی اور لگن کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے کہ انہوں نے ان تمام نادر و نایاب اشیا کو فریمز اور الماریوں میں بہت خوبصورتی سے سجا کر رکھا ہوا ہے جسے ایک چھوٹا سا میوزیم کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔
اے آر وائی نیوز کے عید کے خصوصی پروگرام میں میزبان ماریہ میمن نے ناظرین کو اس چھوٹے سے میوزیم کے بارے میں بتایا اور ڈاکٹر نعمان نے اس میں موجود اشیا سے متعلق تفصیلات بیان کیں۔
اس میوزیم میں موجود کرکٹ لیجنڈز کی نایاب اور یادگار اشیا میں سر ڈونلڈ بریڈ مین کا 1948 کا بیٹ، سچن ٹنڈولکر کے دستخط شدہ بلے اور ویسٹ انڈین لیجنڈز کی جرسیاں شامل ہیں۔
میوزیم میں قدیم تصاویر، تاریخی میچوں کی گیندیں اور کھلاڑیوں کے ذاتی استعمال کی اشیا شامل ہوتی ہیں جو ان کی میراث کو محفوظ رکھتی ہیں۔
اس کلیکشن میں سعید انور، انضمام الحق کے استعمال شدہ پیڈز، شعیب ملک کے ڈبل سنچری والے دستخط شدہ پیڈز اور دیگر سامان شامل ہے جو شائقینِ کرکٹ کے لیے خاص دلچسپی کا باعث ہیں۔
اس کے علاوہ اس مجموعے میں ایلسٹر کک کا آخری ٹیسٹ میچ کھیلنے والا بیٹ،سنیل گواسکر، ایم ایس دھونی اور ویرات کوہلی کے دستخط شدہ بیٹس بھی شامل ہیں۔
اس کلیکشن کی خاص بات 1859 کی وہ تاریخی تصویر بھی ہے جسے کرکٹ کی تاریخ کی پہلی تصویر قرار دیا جاتا ہے، پاکستانی کرکٹ سے متعلق یادگار اشیا میں عبدالرزاق کے جوتے، وسیم اکرم اور وقار یونس کی تاریخی وکٹیں لینے والی گیندیں بھی شامل ہیں۔
عالمی کرکٹ لیجنڈز میں یہاں برائن لارا کای وہ جیکٹ بھی رکھی گئی ہے جو انہوں نے اپنی تاریخی 375 رنز کی اننگز کے دوران پہنی تھی جبکہ کپل دیو اور دیگر نامور کھلاڑیوں کے دستخط بھی اس مجموعے کا حصہ ہیں۔
کرکٹ کے علاوہ دیگر کھیلوں کی نایاب اشیا بھی ڈاکٹر نعمان کے اس کلیکشن میں شامل ہیں، جن میں ڈیاگو میرا ڈونا، کرسٹیانو رونالڈو اور رافیل نڈال کی دستخط شدہ جرسیز اور یادگار اشیا شامل ہیں۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/ZOC4dzI
via IFTTT
Post a Comment