(3 مارچ 2026): برطانوی ریپر گیٹس کو نشے کی حالت میں خطرناک ڈرائیونگ کرتے ہوئے نیپالی طالبعلم کو کچلنے اور موقع سے فرار ہونے کے جرم میں 12 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔
روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق ایوارڈ یافتہ ریپر گیٹس نے گزشتہ سال شمالی لندن میں 20 سالہ نیپالی طالبعلم کو اپنی گاڑی سے کچلنے اعتراف کیا تھا۔ انہوں نے جان لیوا حادثے سے قبل اپنی بی ایم ڈبلیو ایم فائیو گاڑی کو خطرناک طریقے سے چلانے کے اضافی الزام کو بھی تسلیم کیا۔
لندن کی اولڈ بیلی عدالت میں سماعت کے دوران پراسیکیوٹر نے بتایا کہ گیٹس گھر جاتے ہوئے خطرناک طریقے سے گاڑی چلا کر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کر رہے تھے جس میں غلط سمت میں گاڑی چلانا بھی شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی گلوکارہ کیسی وینٹورا پر ریپر سین ڈیڈی کا بدترین تشدد
پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ جب ریپر نے طالبعلم کو ٹکر ماری تو ان کی رفتار تقریباً 112.7 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی جس سے مقتول کو انتہائی شدید چوٹیں آئیں اور گاڑی کی ونڈ اسکرین کو بھی نقصان پہنچا، اس کے باوجود مجرم نہیں رکے اور موقع سے فرار ہو کر اپنے گھر چلے گئے۔
مقتول کی والدہ نے مترجم کے ذریعے عدالت میں روتے ہوئے اپنا بیان پڑھا جس میں انہوں نے کہا کہ میرا بیٹا یہاں پڑھنے آیا تھا، لیکن کسی اور کی غلطی کی وجہ سے اسے اتنی کم عمری میں مار دیا گیا۔
گیٹس کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کو لگا کہ ان کا پیچھا کیا جا رہا ہے کیونکہ ماضی میں انہیں بندوق کے زور پر لوٹا جا چکا تھا اور وہ اپنے کیے پر نادم ہیں۔
وکیل نے گیٹس کا لکھا ہوا ایک خط بھی پڑھ کر سنایا جس میں درج تھا کہ میں اس بات سے پوری طرح واقف ہوں کہ میں چاہے کتنی ہی معذرت کر لوں طالبعلم کے اہل خانہ اور دوستوں کے درد کو کم نہیں کر سکتی، یہ نوجوان اور اس کا خاندان روزانہ میرے خیالات میں رہتے ہیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ میں اس شدید جرم اور شرمندگی کے احساس کو بیان نہیں کر سکتا جو میں نے دوسروں کو پہنچنے والی تکلیف کی وجہ سے محسوس کیا ہے۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/2WiANU5
via IFTTT
Post a Comment