سیکورٹی فورسز سے جھڑپ : خطرناک دہشت گرد ہلاک، جوان شہید
پشاور : صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں خطرناک دہشت گرد مارا گیا، فائرنگ سے ایک جوان جام شہادت نوش کرگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فورسز اور دہشت گردوں میں دو جھڑپیں ہوئیں، خیبرپختونخوا کے ضلع مردان کے علاقے کاٹلنگ میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں دہشتگرد گروہ کا سرغنہ مارا گیا۔
کاٹلنگ میں کیے گئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں انتہائی مطلوب دہشت گرد فیصل مارا گیا، ہلاک دہشت گرد تخریب کاری کی کئی وارداتوں میں ملوث تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد ونگ لیڈر فیصل سیکیورٹی فورسز کو مطلوب ترین ملزمان میں شامل تھا، جس کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔
دوسرے آپریشن میں کرم کے علاقے پارا چنار میں فورسز اوردہشت گردوں میں جھڑپ ہوئی، جس میں 33سال کے لانس نائیک غیرت خان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاک افواج ملک میں امن اور خوشحالی کے دشمنوں کی کوششوں کو ناکام بناتے رہیں گے۔
سیکیورٹی فورسز وطن سے دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہیں، بہادر سپوتوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/yhrWmXE
via IFTTT
Comments
Post a Comment