نادرا نے عوامی سہولت کیلیے درجنوں نئے سہولت مراکز قائم کردیے

پشاور : نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے خیبر پختونخوا کے 11 اضلاع میں شہریوں کو سرکاری خدمات کی بہتر اور آسان فراہمی کے لیے 43 سٹیزن فسیلیٹیشن سینٹرز قائم کر دیے۔

دستیاب سرکاری دستاویز کے مطابق یہ اقدام خیبر پختونخوا سٹیزن سینٹرڈ سروس ڈلیوری پروجیکٹ کے تحت کیا گیا ہے، جس کا مقصد صوبے میں شہریوں کے لیے سرکاری خدمات تک رسائی کو آسان، مؤثر اور سہل بنانا ہے۔

منصوبہ سماجی پالیسی کے شعبے کا حصہ ہے اور اس کے ذریعے شہریوں پر سرکاری خدمات کے حصول کے لیے پیش آنے والی مشکلات کم کرنے اور عوامی سہولت پر مبنی نظام کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

دستاویز کے مطابق منصوبے پر اب تک 72 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ اس کی تکمیل کی مقررہ تاریخ 31 دسمبر 2026 ہے۔

ورلڈ بینک نے اس منصوبے کے لیے 46 ملین ڈالر کی مالی معاونت فراہم کی ہے۔ اس رقم کا مقصد خیبر پختونخوا میں شہریوں کے لیے خدمات کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانا اور عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے سہولتوں کا دائرہ وسیع کرنا ہے۔

FOLLOW ARY TUBE FOR MORE SUCH NEWS

حکام کے مطابق شہری سہولت مراکز کے قیام سے مختلف سرکاری خدمات تک رسائی ایک منظم اور شہری دوست طریقے سے ممکن بنانے میں مدد ملے گی، جبکہ دور دراز علاقوں کے شہریوں کو بھی بنیادی سرکاری سہولتوں کے حصول میں آسانی فراہم کی جا سکے گی۔

خیبر پختونخوا سٹیزن سینٹرڈ سروس ڈلیوری پروجیکٹ کی تکمیل کے بعد صوبے میں شہریوں اور سرکاری اداروں کے درمیان رابطے کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور عوامی خدمات کے معیار میں بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔

نادرا کی کون سی سروسز کہاں دستیاب ہیں اور کہاں نہیں؟ اہم خبر



from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/vul5r3C
via IFTTT

Post a Comment

Previous Post Next Post