وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ عوام دوست ہو گا جس میں ترقیاتی منصوبوں میں بانی کے وژن کی عکاسی ہو گی۔
پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ بجٹ میں عوامی فلاح کے منصوبے شامل ہوں گے جو پہلے کبھی نہیں ہوئے، خیبرپختونخوا کےحقوق پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے صوبے پر گیس اور گندم بند کی گئی ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ رواں سال ضم اضلاع کے 12ارب روپے وفاقی حکومت نے کاٹ لیے، وفاق پر کےپی کے 4500ارب روپے سے زائد بقایاجات ہیں، صوبے کے حقوق کے حصول کیلئے دیگر جماعتوں کو ساتھ ملا کر جدوجہد کر رہے ہیں یہ صوبے کے عوام کے وسائل و حقوق ہیں ان کے حصول کیلئے مشترکہ آواز اٹھانی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پروپیگنڈے کے باوجود ایم پی ایز کی شرکت اتحاد کا واضح ثبوت ہے مخالفین نے بگاڑ کی کوشش کی مگر اراکین کی کثیر شرکت نے اتحاد ثابت کر دیا، اجلاس کا ایجنڈا بانی کی صحت اور آئندہ مالی سال بجٹ پر اعتماد میں لینا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ وفاقی حکومت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے بانی کی آنکھ متاثر ہوئی، بانی سے ملاقات نہیں کرنے دی جا رہی، ان کی صحت پر سب کو تشویش ہے مطالبہ ہے بانی کا فیملی کی موجودگی میں مرضی کے ڈاکٹرز اور اسپتال میں علاج کرایا جائے۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/pn8sjLq
via IFTTT
Post a Comment