اسلام آباد(15 مئی 2026): اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس کی اپیلوں پر سماعت کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلا کو دلائل پیش کرنے کے لیے 20 مئی کی حتمی مہلت دے دی ہے۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل بینچ نے کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔ عدالت نے اپنے حکم میں واضح کیا ہے کہ امید ہے کہ فریقین آئندہ سماعت پر جان بوجھ کر غیر حاضر نہیں ہوں گے اور نہ ہی غیر ضروری التوا طلب کیا جائے گا۔
حکم نامے کے مطابق گزشتہ سماعت پر فریقین کو حاضری یقینی بنانے اور اپیلوں پر دلائل شروع کرنے کی ہدایت کی گئی تھی، تاہم آج کی سماعت میں سلمان صفدر نے دلائل دینے کے بجائے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے ہدایات لینے کے لیے التوا کی درخواست دائر کی۔ عدالت نے ان وجوہات کو ‘کمزور’ قرار دیتے ہوئے نوٹ کیا کہ نیب نے بھی اس التوا کی مخالفت کی تھی۔
عدالت نے اپنے تحریری حکم میں مزید کہا کہ چونکہ مرکزی اپیلیں خود سلمان صفدر کی جانب سے دائر کی گئی تھیں اور کیس کی حساسیت و اہمیت بہت زیادہ ہے، اس لیے یہ آخری اور حتمی مہلت دی جا رہی ہے۔
عدالت نے وکیل صفائی کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیں اور 20 مئی کو ہونے والی آئندہ سماعت پر ہر صورت اپیلوں پر اپنے دلائل دیں۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/iOLwdDe
via IFTTT
Post a Comment