کراچی (5 اپریل 2026): میٹرک بورڈ نے سالانہ امتحانات کی تاریخ میں توسیع کردی، 7اپریل سے شروع ہونے والے امتحانات ملتوی کردیے گئے۔
اے آروائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین میٹرک بورڈ غلام حسین نے اعلان کیا ہے کہ میٹرک بورڈ کے 7 اپریل سے شروع ہونے والے امتحانات ملتوی کردیے گئے ہیں۔
جس کے بعد مذکورہ امتحانات اب جمعہ10اپریل سے شروع ہوں گے، انہوں نے کہا ہے کہ یہ اہم فیصلہ طلبہ کے وسیع ترمفاد میں کیا گیا ہے۔
ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے میٹرک امتحانات کو ری شیڈول کردیا، ناظم امتحانات کا کہنا ہے کہ ثانوی تعلیمی بورڈ اس وقت مینوئل سے ڈیجیٹل سسٹم میں تبدیلی کے مرحلے میں ہے، ڈیٹا زیادہ ہونے کی وجہ سے سافٹ ویئر پر اوور لوڈ اور عارضی خلل کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امتحانات کو ری شیڈول کرنے کا فیصلہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے، نظر ثانی شدہ شیڈول جلد جاری کر دیا جائے گا، طلباو طالبات اپنے دیئے گئے امتحانی مراکز پر ہی امتحان دیں گے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ امتحانی فارم تاخیر سے جمع ہونے کے باعث میٹرک امتحانات ملتوی کیے گئے کئی اسکول مقررہ تاریخ پر امتحانی فارم جمع نہ کراسکے۔
ہزاروں امتحانی فارم آخری تین دن میں لیٹ فیس کے ساتھ جمع کرائے گئے، ایڈمٹ کارڈز کے اجرا میں تاخیر کے باعث طلبہ پریشانی کا شکار تھے۔ اس طرح نجی اسکولوں کی انتظامی غفلت کا خمیازہ طلبہ کو بھگتنا پڑا۔
مزید پڑھیں : نویں دسویں کے امتحانات ملتوی کرنے کا مطالبہ
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں میٹرک بورڈ کے تحت نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات کے انتظامات میں مشکلات کے سبب گرینڈ الائنس آف پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز سندھ نے امتحانات ملتوی کرنے اور نئی تاریخ کا اعلان کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/zCBckh7
via IFTTT
Post a Comment