اسلام آباد (6 مارچ 2026): پلڈاٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی نے اپنے دوسرے پارلیمانی سال میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پلڈاٹ نے قومی اسمبلی کے دوسرے پارلیمانی سال سے متعلق ایک رپورٹ جاری کی ہے، جس میں بتایا گیا کہ اس سال قومی اسمبلی نے قانون سازی کا نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے۔
پلڈاٹ کے مطابق موجودہ اسمبلی نے قانون سازی کے حوالے سے حالیہ برسوں کی تمام اسمبلیوں سے زیادہ کارکردگی دکھائی اورآرڈیننس پرانحصار بھی نسبتاً کم رہا۔ اراکینِ اسمبلی کے اثاثے خفیہ رکھنے سے متعلق ایک نیا قانون بھی منظور کیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 16 ویں قومی اسمبلی کا دوسرا پارلیمانی سال یکم مارچ 2025 سے 28 فروری 2026 تک جاری رہا۔ اس دوران اسمبلی نے 231 گھنٹے کام کیا جو حالیہ برسوں میں سب سے زیادہ ہے، جبکہ گزشتہ پارلیمانی سال میں اسمبلی نے 193 گھنٹے کام کیا تھا۔
دوسرے پارلیمانی سال میں کل 84 اجلاس بلائے گئے، جبکہ پہلے سال میں 93 اجلاس ہوئے تھے۔ یوں اجلاسوں کی تعداد میں 9.7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
اپوزیشن لیڈر کا عہدہ پانچ ماہ تک خالی رہا۔ اجلاسوں کے دوران 19 مرتبہ کورم کی نشاندہی کی گئی، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے چوراسی میں سے صرف چھ اجلاسوں میں شرکت کی۔
دوسرے پارلیمانی سال میں اراکین کی تقاریر کے حوالے سے وزیر دفاع خواجہ آصف سب سے زیادہ بولنے والے رکن رہے، جبکہ طارق فضل چوہدری، بلاول بھٹو زرداری، عمر ایوب خان اور گوہرعلی خان نے بھی طویل تقاریر کیں۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/fx8cVQr
via IFTTT
Post a Comment