صدر مملکت کی ایرانی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت
اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایرانی ہم منصب ابراہیم رئیسی کو دورہ پاکستان کی دعوت دے دی۔
ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ صدر آصف علی زرداری اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عیدالفطر کی مبارکباد دی۔
اعلامیے کے مطابق صدر آصف زرداری نے دمشق میں ایرانی سفارتخانے پر اسرائیلی حملے کی مذمت کی اور حملے پر ایرانی قیادت اور سوگوار خاندانوں کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
صدر مملکت نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے انسانی بحران اور اسرائیلی افواج کی جانب سے نسل کشی پر اظہار تشویش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران کے ساتھ دو طرفہ تعاون کو فروغ اور تمام شعبوں میں کام جاری رکھے گا۔ انہوں نے درپیش سکیورٹی چیلنجز پر قابو کیلیے معلومات کے تبادلے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ٹیلیفونک گفتگو میں آصف علی زرداری نے ابراہیم رئیسی کو دورہ پاکستان کی دعوت دی اور ان کی اور اہل خانہ کی صحت اور تندرستی کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
پاکستان اور ایران میں سرحدی کشیدگی کے خاتمے کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ صدر مملکت نے اپنے ہم منصب کو دورے کی دعوت دی ہے۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/me18xQl
via IFTTT
Comments
Post a Comment